پائیگاہ پیالیس میں ایچ ایم ڈی اے کے دفتر کے قیام کو حکومت کی منظوری

   

چیف سکریٹری کے دورہ کے بعد فیصلہ ۔ امریکی قونصلیٹ کے تخلیہ کے بعد عمارت خالی تھی
حیدرآباد۔12۔مارچ(سیاست نیوز) پائیگاہ پیالیس بیگم پیٹ میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا دفتر منتقل کرنے حکومت سے ہری جھنڈی دکھائی جاچکی ہے۔ کہا جا رہاہے کہ جلد ہی حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر کی سابق امریکی قونصل خانہ کی عمارت میں منتقلی شروع ہوجائے گی ۔بیگم پیٹ میں 4ایکڑ پر محیط اس وسیع و عریض عمارت میں جہاں گذشتہ 15 برسوں سے امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کا دفتر رہا تھا ‘قونصل خانہ کی منتقلی کے بعد سے یہ عمارت خالی ہے۔ اس عمارت کو چیف منسٹر کی رہائش گاہ اور کیمپ آفس میں تبدیل کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پائیگاہ پیالیس میں قیام سے انکار کردیا جس کے نتیجہ میں یہ عمارت اب بھی خالی ہے۔ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری کے اس عمارت کا دورہ کرنے کے بعد اس عمارت کے استعمال کی تجاویز وصول کی گئی لیکن حکومت نے اب اس فیصلہ کو قطعیت دے دی ہے کہ اس عمارت کو دوبارہ ایچ ایم ڈی اے کے حوالہ کردیا جائے ۔محکمہ بلدی نظم و نسق کے مطابق 15 سال امریکی قونصل خانہ کی موجودگی سے قبل اس عمارت میں حیدرآباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا دفتر تھا اسی لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ محکمہ بلدی نظم ونسق کے تحت حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفترکی دوبارہ پائیگاہ پیالیس میں منتقلی کی جائے ۔ پائیگاہ سے حمڈا کے دفتر کی منتقلی کے بعد اس میں تبدیلیوں کے ذریعہ امریکی حکام نے اس پیالیس کو انتہائی محفوظ عمارتوں میں شامل کردیا تھا اور اب دوبارہ اس میں حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی دفتر کا قیام عمل میں لایا جائے گا لیکن تاریخی عمارتوں اور تہذیبی ورثہ کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنے والوں کا کہناہے کہ حکومت اس عمارت کے تحفظ اور اس کی عظمت رفتہ کو برقرار رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئے۔3