نئی دہلی 9 نومبر ( ایجنسیز ) کانگریس نے پارلیمنٹ مانسون سیشن کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیے جانے کے 88 دن بعد بھی باضابطہ طور پر ختم نہ کرنے پر حکومت پر تنقید کی ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کو لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت کا جوڑ توڑ کرنے کا وقت دینے سیشن کو برخاست نہیں کیا جا رہا، تاکہ حلقہ بندی سے متعلق متنازعہ بل پیش کیا جاسکے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ مانسون سیشن کی آخری نشست 13 اگست کو ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں ایوان غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیے گئے تھے۔ انہوں نے پارلیمانی طریقہ کار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کے التواء اور سیشن کے باضابطہ خاتمہ کے درمیان عموماً دو سے چار دن کا وقفہ ہوتا ہے، جبکہ اس سے قبل 2015 میں وقفہ 28 دن کا دیکھا گیا تھا۔جے رام رمیش کے مطابق مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے 19 اکتوبر کو کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو خط میں 2008 کے مانسون سیشن میں 87 دن کے وقفے کا حوالہ دیا تھا، جو اس وقت تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہوا تھا۔ رمیش نے کہا کہ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق بھی اب 88 دن گزرنے کے بعد التواء کا نیا تاریخی ریکارڈ قائم ہو چکا ہے۔کانگریس کا دعویٰ ہے کہ حکومت سیشن کو معلق رکھ کر حلقہ بندی کے نام پر خطرناک اور تباہ کن قوانین منظور کرانا چاہتی ہے۔ پارٹی کے مطابق 17 اپریل 2026 کو بجٹ سیشن کے دوران حلقہ بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل لوک سبھا میں درکار حمایت نہ ملنے کی وجہ سے پاس نہیں ہو سکا تھا، جس کا بنیادی مقصد پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے تحفظات کا نفاذ تھا۔