پاکستان ‘خیبر پختونخواہ میں خود کش دھماکہ ۔ 14 ہلاک 22 زخمی

,

   

پولیس اسٹیشن کے دروازے پر خود کش بمبار نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا
پشاور 2 اگسٹ ( ایجنسیز ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں پاکستانی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک خودکش دھماکہ کیا گیا جس میں 14 افراد ہلاک اور کئی دوسرے شدید زخمی ہوگئے ۔ سوشیل میڈیا پر اس حملے کے ویڈیوز وائرل ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ سوات ضلع کے ایک ٹاؤن میں پولیس اسٹیشن کے باہر یہ دھماکہ کیا گیا جبکہ قریب میں ایک امن ریلی نکالی جا رہی تھی ۔ سوات ضلع پولیس عہدیدار عمر خان نے بتایا کہ خودکش بمبار کو پولیس اسٹیشن میں داخلہ کے مقام پر روک کر تلاشی کی کوشش کی جا رہی تھی کہ اس نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا ۔ سوات کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس فدا حسین نے کہا کہ دھماکہ میں 22 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ قریب میں جو امن ریلی نکالی جا رہی تھی اس میں سینکڑوں افراد شریک تھے ۔ دھماکہ کے ساتھ ہی یہاں افرا تفری مچ گئی اور لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے ۔ ۔ مقامی قبائلی کونسل سوات امن جرگہ کی جانب سے امن ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شرکاء نے پلے کارڈز تھامے ہوئے قیام امن کیلئے نعرے لگائے ۔ اس علاقہ میں گذشتہ چند دنوں سے سکیوریٹی صورتحال ابتر ہوگئی ہے ۔ بچاؤ ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی دواخانوں کو منتقل کیا ہے اور پولیس و دیگر نفاذ قانون کی ایجنسیوں نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کرکے تلاشی مہم شروع کردی ہے ۔ پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور انہوں نے ایک بیان میں مہلوکین کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔