پاکستان میں بہت محفوظ ہوں، غیرمعمولی احساس: آسٹریلیائی کپتان

   

24 سال بعد آسٹریلیائی ٹیم کی اسلام آباد آمد ۔ سخت سکیورٹی انتظامات۔ مہمان ٹیم دو روز احتیاط سے رہے گی

اسلام آباد: آسٹریلیا کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان پیاٹ کمنز کا کہنا ہے کہ وہ خود کو پاکستان میں ناقابل یقین حد تک محفوظ محسوس کررہے ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال کے طویل عرصے بعد آج صبح اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی تھی جہاں سے ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ہوٹل لے جایا گیا۔ آسٹریلیائی کھلاڑی دو روز تک بائیو سکیور ببل میں رہیں گے اور پھر تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹسٹ ہوں گے جس کے بعد کورونا ٹسٹ منفی آنے والے کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کی تیاریوں میں حصہ لے سکیں گے۔ آسٹریلیا کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان پہنچنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے حوالے سے تحفظات تھے لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے یقین دلایا کہ انہیں بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پیٹ کمنز کا مزید کہنا تھا کہ میں خود کو پاکستان میں ناقابل یقین حد تک محفوظ محسوس کر رہا ہوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہمارا بہت اچھا خیال رکھا جا رہا ہے، جب ہم پہنچے تو بہت زیادہ سکیورٹی موجود تھی، ہمیں جہاز سے اتارنے کے بعد سیدھا ہوٹل پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین سکیورٹی انتظامات کے باعث ہمیں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور تمام کھلاڑیوں کی پوری توجہ کرکٹ پر ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ میچ 4 مارچ سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔قبل ازیں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 برس بعد سخت سیکیورٹی میں پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی ہے۔ پیاٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلین ٹیم خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا، جس کے بعد کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل منتقل کردیا گیا۔ آسٹریلوی ٹیم 2 روز تک بائیو سیکیور ببل میں رہے گی، کھلاڑیوں کے 2 روز بعد کورونا ٹسٹ کیے جائیں گے جب کہ آسٹریلوی کرکٹرز کورونا ٹسٹ منفی آنے پر پریکٹس کریں گے۔ پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کپتان پیٹ کمنز کے علاوہ اسٹیو اسمتھ، مارنوس لبوشین، جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، عثمان خواجہ، ناتھن لیون، مچل اسٹارک اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر پیٹ کمنز کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہنچنے کے بعد خوش گوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔