نئی دہلی ۔ 16 مئی (ایجنسیز)’آپریشن سندور‘ کے بعد پاکستان ہندوستان کے خلاف فرضی خبریں پھیلانے میں مصروف ہے۔پاکستان کی اس حرکت کے خلاف حکومت ہند نے ’ڈپلومیسی اسٹرائیک‘ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہندوستان جلد ہی پوری دنیا کو پاکستان کا اصلی چہرہ دکھائے گا اور اس عمل میں حکمراں طبقہ کے ساتھ ساتھ اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ بھی پیش پیش رہیں گے۔دراصل مرکزی حکومت نے ’آپریشن سندور‘ سے متعلق ہندوستان کی بات رکھنے کیلئے اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل نمائندہ وفد کو بیرون ممالک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پارلیمانی امور کی وزارت نے سبھی سیاسی پارٹیوں سے بات چیت بھی شروع کر دی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو سبھی پارٹیوں کے قانون ساز پارٹی لیڈران سے رابطہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ممالک جانے والے نمائندہ وفود میں تقریباً 45 اراکین پارلیمنٹ کا نام شامل ہوگا۔