اجزا : چکن بریسٹ آدھا کلو،جھینگے دو سو گرام، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لہسن کے جوئے تین سے چار عدد، سرکہ دو کھانے کے چمچ، ووسٹر شائر ساس دو کھانے کے چمچ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ گدری پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، سوفٹ ڈرنک آدھی پیالی، مارجرین یا مکھن دو کھانے کے چمچ، کوکنگ آئل حسبِ ضرورت۔
ترکیب:چکن بریسٹ کو صاف دھو کر دس منٹ کیلئے فریزر میں رکھیں پھر اس کو درمیان سے اس طرح چیرا لگائیں کہ وہ جڑا رہے۔لہسن کو پیس کر اس میں کالی مرچ، سرکہ، نمک، ووسٹر شائر ساس اور دو کھانے کے چمچ کوکنگ آئل ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔اس سے چکن بریسٹ کو میرینیٹ کر لیں اور پندرہ سے بیس منٹ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔جھینگوں کو صاف دھو کر رکھ لیں پین میں دو کھانے کے چمچ کوکنگ آئل کو ہلکا سا گرم کریں اور اس میں ادرک لہسن، لال مرچ اور جھینگے ڈال کر درمیانی آنچ پر ڈھک دیں۔تین سے چار منٹ بعد آنچ تیز کر کے اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحدہ ہو جائے۔فرائی کئے ہوئے جھینگوں کو کٹے ہوئے چکن بریسٹ میں دبا دبا کر بھر دیں۔گرل پین کو درمیانی آنچ پر چولہے پر رکھ کر آٹھ سے دس منٹ گرم کر لیں اور اس پر ایک کھانے کا چمچ کوکنگ آئل ڈال دیں۔میرینیٹ کیا ہوا اسٹیک ڈالیں اور چند قطرے سوفٹ ڈرنک کے چھڑک دیں۔احتیاط سے آنچ تیز کر دیں کہ ڈرنک ڈالنے سے گرل پین پر شعلہ اوپر آ جائے گا اور اس طرح تین سے چار منٹ میں اسٹیک آسانی سے پک جائے گا۔اسی طرح سے سارے اسٹیک بنا لیں۔ان مزیدار اور آسانی سے بننے والے اسٹیک کو بناتے ہوئے صرف اس بات کا خیال رکھیں کہ اسے بنا کر نہ رکھیں بلکہ پیش کرتے وقت ہی بنائیں۔حسبِ پسند سبزیوں کو ہلکا سا اُبال کر گرم گرم اسٹیک کے ساتھ سرو کریں۔