پرشانت کشور کا کانگریس میں شمولیت سے انکار، پارٹی کیلئے نئی الجھن

   

کانگریس کو دی گئی تجاویز قابل ستائش: سرجے والا ، عدم شمولیت کی پرشانت کشور نے ٹوئٹر پر اطلاع دی
حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) ملک میں انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور نے کانگریس پارٹی کو مایوس کرتے ہوئے شمولیت کے مسئلہ پر یو ٹرن لے لیا ہے۔ کانگریس میں شمولیت کیلئے تمام تر تیاریوں اور کسی بھی لمحہ شمولیت کے بارے میں پُرامید کانگریس قیادت کو پرشانت کشور کے فیصلہ سے دھکہ لگا۔ پرشانت کشور نے کانگریس میں شمولیت اور پارٹی کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے اس بات کی توثیق کی۔ 2024 عام انتخابات میں بہتر مقابلہ کیلئے پرشانت کشور کی جانب سے کانگریس پارٹی کو دیئے گئے پریزنٹیشن پر مباحث کے بعد پارٹی نے ایکشن گروپ تشکیل دیا ہے۔ اس کمیٹی میں شمولیت سے پرشانت کشور نے انکار کردیا۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی جسے سرجے والا کے مطابق پرشانت کشور نے قبول نہیں کیا ہے۔ سرجے والا نے ٹوئٹر پر اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے استحکام اور ترقی کیلئے پرشانت کشور کی مساعی اور ان کی تجاویز قابل خیرمقدم ہیں۔ اسی دوران پرشانت کشور نے بھی ٹوئٹر پر بتایا کہ وہ کانگریس میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے قائم کردہ کمیٹیوں میں شمولیت اور انتخابی ذمہ داریوں کو قبول کرنے سے متعلق کانگریس نے جو خیرسگالی تجویز پیش کی تھی اسے میں نے نامنظور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں متحدہ قیادت کے ذریعہ مسائل کی یکسوئی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کانگریس میں تنظیمی سطح پر تبدیلیوں کی بھی تجویز پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ مرکز میں مسلسل دو مرتبہ شکست کے بعد کانگریس نے پرشانت کشور کی خدمات حاصل کی تھی اور سونیا گاندھی سے ان کی تین مرتبہ ملاقات ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں گجرات اسمبلی چناؤ کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن لمحہ آخر میں پرشانت کشور نے شمولیت سے انکار کرتے ہوئے کانگریس کو الجھن میں مبتلاء کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پرشانت کشور نے مسلسل دو دن تک حیدرآباد میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے 2023 اسمبلی الیکشن کے بارے میں سرگرم مشاورت کی ہے۔ر