پرشانت کشور کی سونیا گاندھی سے ملاقات

   

ٹی آر ایس حلقوں میں ہلچل ۔ پارٹی قائدین میں بے چینی
حیدرآباد۔17 اپریل (سیاست نیوز) پرشانت کشور کی سونیا گاندھی سے ملاقات نے ٹی آر ایس قائدین میں ہلچل پیدا کردی اور کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اسمبلی انتخابات کیلئے پرشانت کشور کی خدمات کے حصول اور تفصیلی ملاقاتوں کے بعد پرشانت کشور کی سونیا گاندھی سے ملاقات پارٹی کے حق میں بہتر نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس قائدین جو پرشانت کشور کے سروے اور رپورٹ کی تیاری پر ان سے خوش نہیں تھے اور پارٹی کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے تھے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو پرشانت کشور کی ضرورت نہیں ہے وہ اب سرگرم ہوچکے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ چیف منسٹر کے سی آر کو پرشانت کشور کی خدمات کے سلسلہ میں ازسر نو غور کرنا چاہئے کیونکہ پرشانت کشور کانگریس سربراہ سے ملاقات کررہے ہیں ۔ کہاجا رہاہے کہ وہ عام انتخابات میں کانگریس کیلئے خدمات انجام دے سکتے ہیں تو وہ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس کو مستحکم کرنے کوشش کریں گے جو کہ ٹی آر ایس کو نقصان کے مترادف ہے۔ ٹی آر ایس اور پرشانت کشور کے درمیان تعلقات کس حد تک مستحکم ہیں اور وہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کیلئے کس حد تک مددگار ہوسکتے ہیں یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ پرشانت کشور کی سونیا گاندھی سے ملاقات کے ساتھ ہی ٹی آر ایس قائدین یہ کہنے لگے ہیں کہ پارٹی کو پرشانت کشور کی بجائے ضلعی قائدین اور دیہی قائدین سے حقائق سے آگہی حاصل کرکے منصوبہ بندی کرنی چاہئے اور پرشانت کشور کی حکمت عملی پر انحصار کی بجائے عوام کی نبض کی جانچ کے ذریعہ ان کے مفادات کے تحفظ اور ان کے دلوں میں جگہ بنانے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔