پرشانت کشور کی 3 دنوں میں دوسری مرتبہ سونیا گاندھی سے ملاقات

   

لوک سبھا کے علاوہ تلنگانہ اسمبلی چناؤ پر غور، گجرات اور کرناٹک کیلئے کامیابی کے منصوبہ پر بات چیت
حیدرآباد۔/19 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے2024 لوک سبھا کے عام انتخابات اور گجرات، ہماچل پردیش، کرناٹک اور تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی تیار کرنے کی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کردی ہے۔ مختلف ریاستوں میں علاقائی جماعتوں کو اپنی تجاویز اور حکمت عملی سے کامیابی دلانے والے پرشانت کشور ان دنوں کانگریس ہائی کمان سے مشاورت میں مصروف ہیں۔ پرشانت کشور نے کل رات صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور یہ گزشتہ تین دنوں میں ان کی دوسری ملاقات تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی نے 2024 عام انتخابات کے علاوہ آئندہ ایک سال میں بعض ریاستوں کے اسمبلی چناؤ کے مسئلہ پر بات چیت کی ہے۔ پارٹی حلقوں میں کہا جارہا ہے کہ احمد پٹیل کے انتقال کے بعد گجرات میں کانگریس کیلئے جو خلاء پیدا ہوگیا اسے پرشانت کشور کے ذریعہ پُر کیا جائے گا۔ اے آئی سی سی میں اہم عہدہ کے ساتھ انہیں گجرات کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں سونیا گاندھی سے پرشانت کشور کی دوسری ملاقات نے بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ کانگریس کی اچانک سرگرمیوں میں اضافہ اور انتخابی تیاریوں سے مخالف جماعتیں فکرمند ہیں۔ مشن 2024 کے تحت پرشانت کشور اور ان کی ٹیم نے سونیا گاندھی کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ پارٹی کے موقف سے آگاہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کل کی ملاقات میں گجرات اسمبلی انتخابات اہم موضوع بحث رہے۔ اتر پردیش، بہار اور اوڈیشہ میں پارٹی موقف کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرشانت کشور نے تجاویز پیش کی۔ انہوں نے مغربی بنگال، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کی صورتحال پر بات چیت کی۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔ پرشانت کشور نے کانگریس ہائی کمان کو لوک سبھا کی 370 نشستوں پر توجہ مرکوز کرنے اور باقی نشستیں حلیف جماعتوں کیلئے چھوڑنے کی صلاح دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گجرات اور ہماچل پردیش کے انتخابات میں کانگریس کی حکمت عملی پرشانت کشورکے منصوبہ کے مطابق رہے گی۔ پارٹی نے اگرچہ کرناٹک اور تلنگانہ کیلئے پرشانت کشور کے سابق ساتھی سنیل کی خدمات حاصل کی ہیں لیکن پرشانت کشور کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد دونوں ماہرین ایک ساتھ کام کریں گے۔ر