پرنس رحیم آغا خاں کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات

   

ہندوستان کے 6 روزہ دورہ پر آمد، گجرات ، مہاراشٹرا اور تلنگانہ کا بھی دورہ کریں گے
حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) ہز ہائینیس پرنس رحیم آغا خاں V ہندوستان کے پہلے سرکاری دورہ پر نئی دہلی پہنچے۔ اسماعیلی مسلمانوں کو 50 ویں امام اور آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہندوستان ہے۔ ان کے والد پرنس کریم آغا خاں IV کے انتقال کے بعد فروری 2025 میں پرنس رحیم آغا خاں کو جانشین مقرر کیا گیا۔ ہندوستان آمد کے بعد پرنس رحیم آغا خاں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ہندوستان میں آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی سرگرمیوں میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویژن وکست بھارت 2047 کے تحت ہندوستان کی ترقیاتی ترجیحات میں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی سرگرمیاں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن سے بھی ملاقات کی۔ نائب صدر جمہوریہ نے پرنس رحیم آغا خاں کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا۔انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جئے شنکر سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران ہندوستان میں اسماعیلی مسلمانوں کی تجارتی سرگرمیوں پر بات چیت کی گئی جس کے ذریعہ ہندوستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط رشتوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ مجھے ہندوستان واپسی پر خوشی ہے۔ ہندوستان کے 6 روزہ دورہ کے دوران پرنس رحیم آغا خاں گجرات ، مہاراشٹرا اور تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے گورنرس اور چیف منسٹرس سے ملاقات کریں گے۔1/k/m/b