کیپ ٹاؤن۔وکٹ کیپر ریشپھ پنت نے جنوبی افریقی بولروں پر جوابی وارکرتے ہوئے نہ صرف شاندار سنچری اسکورکی بلکہ ہندوستان کو یہاں رواں تیسرے اورآخری ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کرنے کا موقع بھی فراہم کردیا ہے۔ تادم تحریر ہندوستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں پنت کی چوتھی ٹسٹ سنچری کے بدولت 198 رنز اسکورکئے ہیں اور پہلی اننگز کے سبقت کے بعد اس نے میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے 212 رنزکا ہدف دیا ہے ۔ہندوستانی ٹیم جس نے اپنے کل کے اسکور57/2 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن جلد ہی افریقی بولروں نے مقابلے پرگرفت مضبوط کرنا شروع کیا جیسا کہ انہوں نے پہلے چیٹیشور پچارا (9) اور اسکے بعد اجنکیا راہانے (1)کو پویلین کے راہ دیکھا دی۔اس موقع پرکپتان ویراٹ کوہلی اور پنت کے درمیان5 ویں وکٹ کیلئے 94 رنزکی پارٹنر شپ بنی جس میں زیادہ تر پنت ہی رنز بنانے میں غالب رہے ۔اس موقع پرکوہلی 29رنز بناکر آوٹ ہوئے لیکن دوسرے سرے سے پنت نے اپنا جارحانہ انداز برقرار رکھا اور تیزی سے رنز بناتے رہے۔پنت نے 139گیندوں میں 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر100 رنز اسکورکئے ہیں۔ پنت کی یہ سنچری انگلینڈ اور آسٹریلیا میں سیریز جتوانے والی اننگزکی یاد تازہ کردی ہے ۔ پنت کی سنچری اننگز میں جہاں نمایاں رہی وہیں کوہلی کے علاوہ دیگرکوئی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا جبکہ 28 فاضل رنز تیسرا بڑا اسکور رہا۔جنوبی افریقہ کیلئے جنسن کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے19.3 اوورس میں 36 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کے آوٹ کیا۔دیگر بولروں میں ربادا نے 53 اور نیگیڈی نے 21 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔