پولیسنگ نظام کو مستحکم کرنے آئندہ 10 برسوں کاایکشن پلان تیار کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

   

سائبر کرائم اور منشیات کے خلاف خصوصی توجہ ، پولیس میں کرپشن ناقابل برداشت، غذا میں ملاوٹ روکنے نئی قانون سازی ، ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔21۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ ریاست میں آئندہ 10 برسوں تک پولیسنگ نظام کو مستحکم کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے سائبر کرائم ، منشیات کے بڑھتے استعمال کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایکشن پلان کے تحت تمام پولیس اسٹیشنوں میں قدیم اور ازکار رفتہ ہتھیاروں کی جگہ عصری ہتھیار فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں پولیسنگ نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند ، حکومت کے مشیر شیودھر ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پولیسنگ کو بہتر بنانے کیلئے آئندہ 10 برسوں کا ایکشن پلان تیار کیا جارہا ہے اور انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وقفہ وقفہ سے کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس کو چاہئے کہ وہ اپنے حدود میں دورہ کریں اور آئی جی رتبہ کے عہدیدار صورتحال کی باقاعدگی سے نگرانی کریں ۔ چیف منسٹر نے انتباہ دیا کہ وہ لاء اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر کسی بھی تساہل اور کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے انداز تیزی سے تبدیل ہورہے ہے، لہذا پولیس ڈپارٹمنٹ کو نئے چیلنجس کا مقابلہ کرنے کیلئے اڈوانسڈ ٹکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈرون کی نگرانی کے ذریعہ پولیسنگ کی ضرورت پڑے گی ۔ چیف منسٹر نے سی سی ٹی وی کیمروں کے نیٹ ورک میں توسیع اور سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے موثر استعمال کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے واضح کردیا کہ پولیس کے کسی بھی شعبہ میں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے تمام پولیس اسٹیشنوں میں شکایتوں کو درج کرانے کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے روڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو ایک ہی شعبہ کے تحت کرنے کی ہدایت دی۔ غذا میں ملاوٹ کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ملاوٹ کو روکنے اور سخت سزا یقینی بنانے کیلئے نئی قانون سازی کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ غذا میں ملاوٹ کے نتیجہ میں کینسر کے کیسس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم شخصیتوں اور فلمی ہستیوں کے ایونٹس کی اجازت کے سلسلہ میں پولیس کو تمام احتیاطی قدم اٹھانے چاہئے۔ اجلاس میں شہری اور دیہی علاقوں میں پولیس پٹرولنگ میں اضافہ ، روڈی شیٹرس اور ہسٹری شیٹرس پر کڑی نگرانی اور فارنسک سائنس لیباریٹری کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فارنسک سنٹرس اور ڈیٹا سنٹرس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے تلنگانہ کے لئے مزید آئی پی ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ کے لئے مرکز سے نمائندگی کی تجویز پیش کی۔ منشیات کے چلن میں اضافہ اور گانجہ کی اسمگلنگ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے خصوصی نگرانی اور ڈرگس کے متاثرین کے لئے بازآبادکاری سنٹرس کے قیام کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کی تمام گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے سلسلہ میں محکمہ فائر سرویسز کو 15 جون تک جامع رپورٹ پیش کرنی چاہئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر ڈپارٹمنٹ کو فوری ایکشن میں آنا چاہئے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بلدی نظم و نسق ، واٹر بورڈ اور حیڈرا کے درمیان بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے شہر میں جگہ جگہ فلیکسی اور بیانرس کی تنصیب پر ناراضگی جتائی اور فلیکسی نظام کو باقاعدہ بنانے کی ہدایت دی۔ پولیس کمشنرس اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو نائٹ پٹرولنگ کے ذریعہ غیر قانونی طور پر فلیکسی لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ سب انسپکٹرس سے نان کیڈر آئی پی ایس عہدیدار رتبہ کے تمام عہدیداروں کو پروموشن کے بعد کم از کم دو سال دوسرے محکمہ جات میں خدمات انجام دینا چاہئے ۔ چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے اسکل یونیورسٹی میں پولیس ڈپارٹمنٹ کے لئے سائبر کرائم کورس متعارف کرنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ منظم جرائم سے نمٹنے کیلئے ویجلنس ڈپارٹمنٹ کو متحرک ہونا چاہئے۔ اگر کسی عہدیدار کو رخصت چاہئے تو اسے اعلیٰ عہدیداروں کو اطلاع کرنے کے بعد ہی ہیڈ کوارٹر چھوڑنا ہوگا۔1/k