پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیلئے مرکز کی تیاریاں

   

فی لیٹر 4 تا 6 روپئے کی کمی متوقع، لوک سبھا چناؤ سے قبل فیصلہ ممکن
حیدرآباد ۔29۔ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکز میں بی جے پی حکومت لوک سبھا انتخابات سے قبل عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرسکتی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی حکومت ملک بھر میں انتخابات سے قبل پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 4 تا 6 روپئے کی کمی کرسکتی ہے ۔ دیگر ذرائع نے 10 روپئے کی کٹوتی کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔ مرکزی حکومت اور آئیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان قیمتوں میں کمی کے مسئلہ پر مذاکرات جاری ہیں۔ مرکزی حکومت نے حیدرآباد کے بشمول تمام بڑے شہروں میں قیمتوں میں کمی کی سفارش کی ہے۔ عالمی مارکٹ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران خام تیل کی قیمت فی بیارل 70 تا 80 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ خام تیل کی قیمت میں کمی کے نتیجہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خام تیل کی گھٹتی قیمتوں سے مرکزی حکومت کو حوصلہ ملا ہے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی سے بی جے پی کو فائدہ کی امید ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے ملک کے اہم شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے۔ حیدرآباد میں پٹرول فی لیٹر 109.66 روپئے ہے جبکہ ڈیزل فی لیٹر 97.82 روپئے فروخت کیا جارہا ہے۔ ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی سے پریشان حال عوام کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی سے راحت ملے گی۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا اثر دیگر اشیائے ضروریہ پر پڑسکتا ہے۔1