ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اعلان
حیدرآباد ۔17۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری ملازمین نے پے ریویژن کمیشن پر عمل آوری کیلئے حکومت کو 2 جون تک کی مہلت دی ہے ۔ ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین وی لچی ریڈی اور سکریٹری جنرل وی راج شیکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 2 جون یوم تاسیس تلنگانہ تک پی آر سی پر عمل آوری کا وعدہ پورا کیا جائے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کی جانب سے آج منڈل اور ڈیویژن کی سطح پر عہدیداروں کو یادداشت پیش کی گئی۔ جے اے سی کے صدرنشین نے حیدرآباد کے آر ڈی او رام کرشنا کو یادداشت پیش کی جس میں سرکاری ملازمین کے دیرینہ مطالبات کو پیش کیا گیا۔ انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کے زیر التواء بلز کی عاجلانہ اجرائی اور سرکاری ملازمین کیلئے ہیلت کارڈس کی اجرائی کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سے حکومت نے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا لیکن کئی اہم مطالبات ابھی بھی زیر التواء ہے۔ ملازمین کے علاوہ آؤٹ سورسنگ ملازمین کے مطالبات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ جے اے سی نے 2 جون تک پی آر سی پر عدم عمل آوری کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی دی۔1/k