: پولیس سسٹم میں رشوت خوری عروج پر :
: ایس ایم بلال :
حیدرآباد 9 نومبر۔ ریاست تلنگانہ کے انسداد رشوت ستانی شعبہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کی سال 2026ء کی کارروائیوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست بالخصوص 4 پولیس کمشنریٹس حیدرآباد، سائبرآباد ، ملکاجگیری اور فیوچر سٹی میں رشوت خوری عروج پر ہے جہاں اِس سلسلہ میں رشوت طلب اور قبول کرنے کے الزامات پر کئی پولیس عہدیداروں کو اے سی بی نے گرفتار کیا ہے۔ ان چاروں کمشنریٹس میں کم از کم 12 پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔عوام انصاف کے لئے جب پولیس اسٹیشن رجوع ہوتے ہیں تو اُنھیں بغیر کسی رشوت کی ادائیگی کے انصاف ملنا ناممکن ہوچکا ہے۔ کانسٹبل سے لے کر اسٹیشن ہاؤز آفیسر تک رشوت خوری کا بازار گرم ہے اور ہر کیس میں بغیر رشوت کے کارروائی آگے بڑھنا دشوار ہوچکا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جن پولیس عہدیداروں پر عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور قانون کی پاسداری کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اُن ہی میں سے بعض پر مقدمات میں رعایت دینے، ملزمین کو گرفتار نہ کرنے، کیس کی دفعات تبدیل کرنے، چارج شیٹ داخل کرنے اور اسٹیشن ضمانت فراہم کرنے کے عوض بھاری رقومات طلب کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ پولیس محکمہ میں رشوت ستانی کے یہ واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شفافیت، عوامی اعتماد اور پولیس نظام میں جوابدہی کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پولیس اسٹیشنوں میں عوامی شکایات کے ازالے، مقدمات کی تحقیقات، ملزمین کی گرفتاری اور ضمانت کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والے ہر عہدیدار کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔تازہ ترین واقعہ میں 9 نومبر کو کیسرا پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر سرینواس کو اے سی بی عہدیداروں نے اُس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ملزم سے 2 علیحدہ مقدمات میں چارج شیٹ داخل کرنے کے لئے 2 لاکھ روپئے رشوت کی رقم قبول کررہا تھا۔ قابل غور بات یہ ہے کہ اِسی کیسرا پولیس اسٹیشن میں 2 ماہ قبل 16 ستمبر کو یہاں کے انسپکٹر اے انجنیلو اور ایک سب انسپکٹر ڈی گیانیندر ریڈی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ جاریہ سال محکمہ پولیس میں رشوت خوری کا رجحان بڑھ ہوا دیکھا گیا ہے جس میں ملکاجگیری کمشنریٹ کے تحت سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں 9 مارچ کو اے سی بی نے دو آرمڈ ریزرو سب انسپکٹرس پرمود گوڑ اور جٹاوَت بابو نائیک کو ایک لاکھ روپے رشوت قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ الزام تھا کہ سائبر کرائم مقدمہ میں ملزم کو گرفتار کرنے کے بجائے نوٹس جاری کرنے کے عوض رقم طلب کی گئی تھی۔ ( سلسلہ صفحہ 2 پر )