چندرابابو نائیڈو نے گھر گھر پہونچ کر پنشن کی رقم تقسیم کی

   

این ٹی آر بھروسہ پنشن اسکیم کا آغاز، ہر ماہ 65.31 لاکھ افراد پر 4408 کروڑ کا خرچ، لوکیش کے انتخابی حلقہ سے تقسیم کا آغاز
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں چندرابابو نائیڈو نے عوام سے کئے گئے اہم وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے ماہانہ پنشن کی رقم کو اضافہ کیا ہے۔ این ٹی آر بھروسہ پنشن کے نام سے ریاست بھر میں آج اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوا جس کے تحت چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے منگل گیری اسمبلی حلقہ کے ایک موضع میں خود بہ نفس نفیس گھر گھر پہونچ کر پنشن کی رقم استفادہ کنندگان کو حوالے کی۔ اُنھوں نے اِس موقع پر غریب خاندانوں سے اُن کے مسائل دریافت کئے۔ واضح رہے کہ منگل گیری اسمبلی حلقہ کی نمائندگی چیف منسٹر کے فرزند نارا لوکیش کرتے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو اور نارا لوکیش نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ گھر گھر پہونچ کر پنشن کی رقم حوالے کی۔ ماہانہ پنشن کی رقم 4 ہزار روپئے کی گئی ہے اور 3 ماہ کے اضافی بقایا جات کے ساتھ استفادہ کنندگان کو فی کس 7 ہزار روپئے حوالے کئے گئے۔ اِس موقع پر چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ این ٹی آر بھروسہ پنشن اسکیم کو ایک تہوار کی طرح شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ریاست میں 65.31 لاکھ استفادہ کنندگان میں 4408 کروڑ کی تقسیم عمل میں آئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ملک میں غریبوں کیلئے ماہانہ پنشن آنجہانی این ٹی راما راؤ نے متعارف کیا تھا۔ ابتداء میں ماہانہ 35 روپئے وظیفہ مقرر تھا جسے بڑھاکر 75 روپئے کیا گیا تھا۔ 2014 ء تک ماہانہ 200 روپئے ادا کئے گئے۔ تلگودیشم برسر اقتدار آنے کے بعد وظیفہ کی رقم ماہانہ ایک ہزار روپئے کی گئی جسے بعد میں 2 ہزار کیا گیا۔ وائی ایس آر کانگریس دور حکومت میں 3 ہزار روپئے پنشن دیا گیا جسے چندرابابو نائیڈو نے 4 ہزار ماہانہ کردیا ہے۔ مختلف زمرہ جات کے پنشن کی رقم میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا اور آج سے تقسیم عمل میں آئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پنشن اسکیم پر سالانہ 33100 کروڑ کا خرچ آئے گا جبکہ آئندہ 5 برسوں میں پنشن اسکیم پر 165500 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ 1