پولاورم اور دیگر پراجکٹس کے لئے فنڈس کی اپیل
حیدرآباد ۔7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ نئی دہلی کے دو روزہ دورہ پر پہنچنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو سیدھے وزیراعظم کی قیامگاہ پہنچے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے امراوتی دارالحکومت کی ترقی ، پولاورم پراجکٹ کیلئے مرکزی فنڈس ، آندھراپردیش میں ریاستی اور قومی شاہراہوں کی تعمیر ، ریلوے زون کا سنگ بنیاد ، وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کا احیاء اور دیگر پراجکٹس کیلئے مرکزی فنڈس کی درخواست کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت آندھراپردیش سے وعدوں کی تکمیل کی درخواست کی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے حالیہ سیلاب کے نقصانات پر وزیراعظم کو رپورٹ حوالے کی۔ نئی دہلی میں قیام کے دوران نائیڈو مرکزی وزیر ریلویز اشونی ویشنو ، وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری ، مرکزی وزیر پیوش گوئل و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن سے ملاقات کریں گے۔ ریاست کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں مرکزی وزراء کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ 1