اتوار کو 11 گھنٹے پوچھ گچھ، سب کچھ بتانے کے بعد بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا
شاہجہاں پور 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر چنمیانند کے خلاف جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات عائد کرنے والی ایک پوسٹ گریجویٹ طالبہ نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی کے لیڈر نے ایک سال قبل اس کا جسمانی استحصال کیا تھا اور اس کی عصمت ریزی کی تھی۔ اس طالبہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ شاہجہاں پور پولیس نے عصمت ریزی کا کیس درج نہیں کیا تھا۔ اس لڑکی نے جو اپنے چہرہ پر سیاہ نقاب لگا رکھی تھی، مزید کہاکہ ’سوامی چنمیانند نے ایک سال میں کئی مرتبہ عصمت ریزی کی اور حتیٰ کہ کئی مرتبہ جسمانی استحصال بھی کیا تھا‘۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ طالبہ نے مزید کہاکہ ’دہلی پولیس نے لودھی روڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرنے کے بعد اس مقدمہ کو شاہجہاں پور منتقل کیا تھا جس نے (شاہجہاں پور پولیس) نے عصمت ریزی کا مقدمہ درج نہیں کیا تھا‘۔ لڑکی نے کہاکہ ’خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے حتیٰ کہ اتوار کو بھی مجھ سے 11 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی۔ مَیں اُنھیں عصمت ریزی کے بارے میں بتاتی ہوں۔ حتیٰ کہ سب کچھ کہنے کے باوجود اُنھوں نے چنمیانند کو ہنوز گرفتار نہیں کیا‘۔