بہار کابینہ کی تشکیل پر تبادلہ خیال کے اشارے ۔ گذشتہ دس دنوں میں چوتھا دورہ
پٹنہ 25 اپریل ( ایجنسیز ) چیف منسٹر بہار مسٹر سمراٹ چودھری نے آج ایک بار پھر سابق چیف منسٹر و رکن راجیہ سبھا نتیش کمار سے ان کے گھر پہونچ کر ملاقات کی ۔ سمراٹ چودھری کو بہار کا چیف منسٹر بنے ہوئے 10 دن کا وقت ہوا ہے اور ان دس دنوں میں سمراٹ چودھری آج چوتھی مرتبہ نتیش کمار کی قیامگاہ پہونچے ۔ نتیش کمار 1 این مارگ کی سرکاری قیامگاہ میں مقیم ہیں۔ سمراٹ چودھری گذشتہ دنوں میں تین مرتبہ یہاں کا دورہ کرتے ہوئے نتیش کمار سے ملاقات کرچکے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ سمراٹ چودھری کے یہ دورے صرف خیرسگالی ملاقات نہیں بلکہ سیاسی حکمت عملی ہے اور نتیش کمار کے حامیوںاور پرستاروں کو یہ پیام دینا ہے کہ بی جے پی اب بھی سابق چیف منسٹر کی وہی عزت اور وہی احترام کرتی ہے جو اس وقت کیا کرتی تھی جب نتیش کمار چیف منسٹر ہوا کرتے تھے ۔ کہا جا رہا ہے کہ سمراٹ چودھری نے نتیش کمار سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی کابینہ میں توسیع کے اہم مسئلہ پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے ۔ وہ کل ہی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ بھی حاصل کرچکے ہیں اور اب ان کی توجہ کابینہ کی توسیع پر ہے ۔ نتیش کمار اور سمراٹ چودھری کی بات چیت کا ابھی کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ کابینہ میں توسیع کے اہم مسئلہ پر دونوں میں بات چیت ہوئی ہے ۔ بی جے پی کے بہار صدر سنجے سراؤگی نے آج میڈیا سے کہا کہ بہار کی کابینہ میں بہت جلد توسیع کی جائے گی ۔ انہوں نے بہار کی ترقی کیلئے طویل مدتی منصوبوں کا بھی اشارہ دیا ہے ۔