تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب میں سونیا گاندھی کو مدعو کیا جائیگا۔ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کرینگے
حیدرآباد 25 مئی ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی اتوار 26 مئی کو دہلی روانہ ہو رہے ہیں ۔ وہ سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے انہیں تلنگانہ ریاست تشکیل کے 10 سالہ جشن میں شرکت کرنے مدعو کریں گے ۔ کانگریس قائدین سونیا گاندھی کو تلنگانہ کی ماں قرار دے رہے ہیں اور 2 جون کو جشن منانے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ اس تقریب میں سونیا گاندھی کو تہنیت پیش کی جائیگی ۔ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب منانے کی منظوری دی ہے ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ عہدیداروں کو تجاویز اور مشورے بھی دئیے ہیں ۔ تلنگانہ کابینہ اجلاس میں تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب میں سونیا گاندھی کو مدعو کرنے کا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سونیا گاندھی کو تلنگانہ کے جشن میں مدعو کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی اتوار کو دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اپنے 6 ماہی کارکردگی پر بھی سونیا گاندھی کو رپورٹ پیش کریں گے ۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تلنگانہ میں کانگریس کے موقف سے بھی سونیا گاندھی کو واقف کراتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال سے واقف کرائیں گے ۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت کی جانب سے قائد اپوزیشن کے سی آر کو بھی تقریب میں مدعو کرنے اور مجاہد تلنگانہ کے ارکان خاندان کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کیا کے سی آر تقریب میں شرکت کریں گے ۔ اس مسئلہ پر بھی سیاسی حلقوں میں مباحث جاری ہے ۔۔ 2