چیف منسٹر ریونت ریڈی کاآج سے دورہ دہلی

   

حیدرآباد 4 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی توقع ہے کہ کل سے 2 روزہ دورہ دہلی کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر نئی دہلی میں تلنگانہ کے زیرالتواء پراجکٹس کی منظوری کے ایجنڈہ کے ساتھ روانہ ہورہے ہیں تاکہ مرکزی وزراء سے نمائندگی کی جاسکے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی نے کئی مرکزی وزراء سے ملاقات کے لئے وقت طلب کیا ہے۔ حیدرآباد کے اہم پراجکٹس میں موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ، ریجنل رنگ روڈ، حیدرآباد میٹرو ریل فیز II اور دیگر پراجکٹس کے لئے ضروری منظوریوں کے سلسلہ میں وزراء شہری ترقی، ریلویز اور ٹرانسپورٹ سے ملاقات کا منصوبہ ہے۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون 2014ء میں تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے اُن کی تکمیل پر بھی چیف منسٹر مرکز کی توجہ مبذول کرائیں گے۔ چیف منسٹر دہلی میں تلنگانہ کابینہ میں توسیع اور نامزد عہدوں پر تقررات جیسے مسائل پر بات چیت کریں گے۔V/k/i/1