چیف منسٹر ریونت ریڈی کی دو روزہ دورہ پر دہلی روانگی

   

کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت، ایم ایل سی امیدواروں پر کے سی وینوگوپال سے مشاورت
حیدرآباد۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ 29 ستمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ نئی دہلی میں اہم سیاسی سرگرمیوں کے دوران کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں کانگریس کے تمام چیف منسٹرس خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ الیکشن کمیشن میں اختلافات سے متعلق انکشاف کے بعد کانگریس نے حلیف پارٹیوں کے ساتھ قومی سطح پر جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈیا الائنس کے 30 ستمبر کے اجلاس سے ایک دن قبل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ توقع ہے کہ تلنگانہ سے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، وزراء اتم کمار ریڈی، دامودر راج نرسمہا بھی خصوصی مدعوئینکے طور پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ چیف منسٹر پیر کے دن نئی دہلی میں بعض پروگراموں میں حصہ لیں گے اور توقع ہے کہ وہ تلنگانہ کے مسائل پر مرکزی وزراء سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ منگل کو ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کے امیدواروں کے مسئلہ پر کے سی وینوگوپال سے بات چیت کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے نئے اے آئی سی سی انچارج جنرل سکریٹری کے تقرر پر بھی بات چیت ہوگی۔ میناکشی نٹراجن اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں لندن روانہ ہوئی ہیں اور انہوں نے پارٹی سے 10 ماہ کی رخصت حاصل کرلی ہے۔ نٹراجن کے جانشین کے طور پر کئی نام زیر غور ہیں تاہم قطعی فیصلہ ریونت ریڈی سے مشاورت کے ذریعہ کیا جائے گا۔ 1؍F