چیف منسٹر نے کاروان میں اقلیتی اقامتی اسکول کی عمارت کا افتتاح کیا

   

ضلع کلکٹر نے اسکولی عمارت میںسہولیات کی تفصیل سے ریونت ریڈی کو واقف کروایا
حیدرآباد 8 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حلقہ اسمبلی کاروان میں تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائیٹی گولکنڈہ بوائز کی عمارت کا افتتاح انجام دیا اور اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کے تعلیمی مظاہرہ کا جائزہ لیا۔پردھان منتری جن وکاس کاریا کرم کے بجٹ سے تعمیر اس عمارت میں موجود سہولتوںسے ضلع کلکٹر حیدرآباد انودیپ دوریشیٹی نے چیف منسٹر کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآبا دمیں اقلیتی اقامتی اسکولوں کی پہلی مستقل عمارت میں تعلیمی حصہ کے دو ٹاؤرس تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ رہائشی حصہ کے طور پر دو ٹاؤر 4 منزلہ تعمیر کئے گئے ہیں۔انہوں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ اس عمارت میں 28 کلاس رومس اور تعلیمی حصہ مجموعی طور پر80 ہزار مربع فیٹ پر تعمیر ہے اور 1800 مربع فیٹ کھلا میدان ہے تاکہ طلبہ کی کھیل کود کی سرگرمیوں کیلئے جگہ دستیاب رہے۔ اس کے علاوہ اسکول میں عملہ کیلئے دو علحدہ کمرے تعمیر ہیں ۔ پرنسپل کیلئے علحدہ کمرہ رکھاگیا ہے علاوہ ازیں 4 لیابس کیلئے بھی جگہ فراہم کی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے افتتاحی تقریب کے بعد اسکولی طلبہ سے بات کرکے ان سے سہولتوں کے متعلق دریافت کیا۔ عمارت کے افتتاح کے موقع پر بیرسٹر اسد اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد‘ جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی کاروان‘ جناب محمد علی شبیر مشیر برائے حکومت ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی ‘ و محکمہ اقلیتی بہبود‘ جناب عثمان بن محمد الہاجری‘ مسٹر انیل کمار یادو رکن راجیہ سبھا‘ مسٹر وینکٹ بالمورو ایم ایل سی ‘جناب ریاض الحسن آفندی ایم ایل سی ‘ محترمہ عائشہ مسرت خانم سیکریٹری تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائیٹی و دیگر موجود تھے ۔ چیف منسٹر کو اقامتی اسکول گولکنڈہ بوائز میں تعلیم حاصل کر رہے دسویں جماعت کے طلبہ کے تیار کردہ پوٹریٹ کو بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں بیرسٹر اسدالدین اویسی ‘چیف منسٹر کے ہمراہ ان کی گاڑی میں فلک نما پر حیدرآباد میٹرو ریل کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کیلئے روانہ ہوئے ۔3