ادویات کے ذریعہ علاج کا آغاز، ماہر ڈاکٹر ناگیشور ریڈی کی راست نگرانی
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صحت آج صبح اچانک بگڑ گئی اور ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو انٹرالوجی میں معائنہ کے بعد پیٹ میں چھوٹا السر پائے جانے کا پتہ چلا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے آج صبح پیٹ میں درد کی شکایت کی جس کے بعد انہیں گچی باؤلی میں واقع ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو انٹرالوجی منتقل کیا گیا جہاں ماہر ڈاکٹرس کی ٹیم نے معائنے کئے۔ کے سی آر کے ہمراہ ان کی شریک حیات شوبھا اور دختر کویتا بھی موجود تھیں۔ ایشین انسٹی ٹیوٹ کے صدرنشین ڈاکٹر ڈی ناگیشور ریڈی کی دستخط سے بیان جاری کیا گیا جس میں چیف منسٹر کے سی آر کی صحت اور چیک اَپ کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کو آج صبح پیٹ میں درد کی شکایت ہوئی۔ ڈاکٹر ڈی ناگیشور ریڈی نے ان کا معائنہ کیا۔ بعد میں انہیں ایشین انسٹی ٹیوٹ منتقل کرتے ہوئے سی ٹی اسکیان اور انڈوسکوپی کی گئی۔ پیٹ میں ایک چھوٹا السر پایا گیا ہے جسے علاج کے ذریعہ کنٹرول کیا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کی مجموعی صحت نارمل ہے اور ڈاکٹرس نے ضروری ادویات کے ذریعہ علاج کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر کی اپنی شریک حیات کے ساتھ ایشین انسٹی ٹیوٹ روانگی کے بعد بعض گوشوں میں یہ اطلاعات گشت کرنے لگیں کہ کے سی آر کی شریک حیات کی طبیعت خراب ہوئی ہے اور انہیں معائنہ کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔ کویتا نے ڈاکٹرس سے اپنے والد کی صحت اور علاج کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور میڈیا سے بات چیت کئے بغیر ہی اپنی قیامگاہ واپس ہوگئیں۔واضح رہے کہ چیف منسٹر کے عام طور پر معائنے اور چیک اَپ سوماجی گوڑہ میں واقع خانگی ہاسپٹل میں کئے جاتے رہے ہیں اور ان کے فیملی ڈاکٹرس بھی اسی ہاسپٹل سے تعلق رکھتے ہیں۔چونکہ چیف منسٹر کو پیٹ میں شدید درد کی شکایت تھی لہذا گیاسٹرو انٹرالوجی کے ماہر ڈاکٹر ناگیشور ریڈی کے مشورہ پر گچی باؤلی میں ایشین انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کی صحت مستحکم ہے اور ڈاکٹرس نے ادویات کے ذریعہ السر کے علاج کا بھروسہ دلایا ہے۔ چیف منسٹر کی ہاسپٹل منتقلی کی اطلاع کے بعد رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار، نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ونود کمار، سابق اسپیکر مدھوسدن چاری اور دیگر قائدین ہاسپٹل پہنچ گئے۔معائنوں کے بعد چیف منسٹر شام میں پرگتی بھون واپس ہوگئے ۔ر