ٹرمپ ۔ پوٹن اور جن پنگ کی مشترکہ ملاقات اور تبادلہ خیال کا امکان
واشنگٹن 9 نومبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہوسکتا ہے کہ آئندہ ہفتے چین کے دورہ پر چینی صدر ژی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان دونوں قائدین سے ملاقاتوں کے موقع پر ایران جنگ کے خاتمہ کے تعلق سے بات چیت کی جائے گی ۔ ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے وہ چین کے شہر شینزین میں ایشیاء پیسیفک چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور اس موقع پر چین کے صدر ژی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے ۔ چین می یہ چوٹی کانفرنس 18 اور 19 نومبر کو ہونے والی ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس چوٹی کانفرنس کیلئے چین کا دورہ کریں گے اور اس مو قع پر ژی جن پنگ اور ولادیمیر پوٹن سے بھی ملاقات ہوسکتی ہے ۔ یہ بہت دلچسپ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت سے مسائل پر بات کر رہے ہیں۔ نیوکلئیر ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر بھی بات چیت ہوتی ہے ۔ ہم کئی امور پر غور کریں گے ۔ ہم در اصل ایران جنگ ختم کرنے کے تعلق سے بات چیت کر رہے ہیں۔ روسی قصر صدارت نے گذشتہ مہینے کہا تھا کہ یہ اپنی نوعیت پہلی سہ فریقی ملاقات ہوسکتی ہے جس میں ٹرمپ ‘ پوٹن اور جن پنگ شریک رہیں گے ۔ اس کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔ اس کے بعد وال اسٹریٹ جرنل میں ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی کہ ولادیمیر پوٹن چاہتے ہیں کہ سہ فریقی بات چیت ہو تاکہ یوکرین میں امن معاہدہ ممکن ہوسکے ۔ یہ معاہدہ روس کے حق میں بہتر ہونا چاہئے ۔ واضح رہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو امریکہ میں داخلی طور پر تنقیدوں کا سامنا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ چین اور روس کے صدور جیسے آمریت پسند قائدین سے قربتیں بڑھا رہے ہیں۔ اب چین میں ٹرمپ ۔ پوٹن اور جن پنگ کی ملاقات کے امکانات کے بعد مزید تبصرے شروع کئے جاسکتے ہیںاور شائد ڈونالڈ ٹرمپ کو مزید تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑے ۔