شرح ترقی 5 فیصد سے کم ہوگی ۔ کورونا وباء کے تناظر میں بینک کاری کے اقدامات بھی ممکن
بیجنگ: چین نے اپنی کمزور معیشت کو بہتر بنانے کیلئے جرأت مندانہ اقدامات کا اعلان کیا ہے ، جس کا مقصد اپنی کمزور معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جائیداد کے شعبے کے قرضوں کے طویل بحران اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین کورونا وباء کے بعد معاشی استحکام حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ حکومت نے 2024 میں 5 فیصد کی ترقی کا ہدف مقرر کیا ہے جسے ماہرین موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مشکل قرار دے رہے ہیں۔چینی مرکزی بینک کے سربراہ پین گونگ شینگ نے بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مختلف شرحوں میں کمی کریں گے ۔کیپیٹل اکنامکس میں چینی معیشت کے سربراہ جولین ایونز نے کہا ہے کہ یہ اقدامات کرونا وبا کے اوائل کے بعد معاشی ترقی کی فروغ کے لیے سب سے اہم ہیں۔پین گونگ شینگ کے مطابق ان اقدامات کے اعلان میں ریزرو ریکوائرمنٹ ریشو میں کمی بھی شامل ہے جو یہ طے کرتی ہے کہ بینکوں کو کتنی رقم ریزرو میں رکھنی چاہیے ، اس اقدام سے مالیاتی مارکیٹ میں ایک کھرب یوان (141.7بلین ڈالر) کی طویل مدتی لیکویڈٹی شامل کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت گھروں کیلئے قرضوں کے موجودہ شرح کو بھی کم کریں گی اور یہ کمرشل بینکوں کی رہنمائی کرے گی تاکہ موجودہ قرضوں کی شرح سود کو نئے جاری کردہ قرضوں کی شرح سود کے قریب لایا جاسکے ۔پین گونگ شینگ نے کہا کہ اس اقدام سے ملک بھر میں15 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔چین کی جانب سے ان اقدامات کے اعلان کے بعد ہانگ کانگ میں شیئرز میں تین فیصد سے زیادہ اور شنگھائی کے شیئرز میں 2فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
ملالہ کی جسٹن ٹروڈو سے ملاقات
نیویارک: نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اہم اجلاس کے موقع پر امن کا نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کینیڈین وزیرا عظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں ملالہ نے افغانستان میں طالبان کے دورِ حکومت میں خواتین اور لڑکیوں کی حالت زار پر توجہ دینے کی اپیل کی ہے ، انھوں نے کہا کہ لڑکیوں کی بات سنیں، ان مطالبات کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں ترجیح دیں، اور افغان طالبان کے دور حکومت میں خواتین کی حالت زار پر توجہ دی جائے۔