چینائی : انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سب سے زیادہ نجی اسکور بنانے والے پاکستان کے کھلاڑی انضمام الحق کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور وہ 100ویں ٹسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ انضمام نے مارچ 2005 ء میں اپنے 100 ویں میچ میں بنگلورو میں ہندوستان کے خلاف 184 رنز بنائے تھے اور روٹ نے ہندوستان کے خلاف چینائی میں جاری پہلے ٹسٹ کے آج دوسرے دن انضمام کا ریکارڈ توڑ دیا۔ روٹ نے چھکا مارکر ڈبل سنچری پوری کی۔ ان کی یہ پانچویں اور پچھلے تین ٹسٹ میچوں میں دوسری ڈبل سنچری ہے ۔روٹ نے اس ٹور سے قبل سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں 228 اور دوسرے ٹسٹ میں 186 رن بنائے تھے ۔ آج روٹ 377 گینڈوں میں 218 رن بناکر آؤٹ ہوئے ۔ روٹ 100ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کرنے والے تاریخ کے نویں بلے باز بنے ہیں۔روٹ دنیا کے واحد کھلاڑی بنے جس نے اپنے 98ویں ،99 ویں اور 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنائی ۔ وہ 100 ویں ٹسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے ہیں۔