ڈونالڈ ٹرمپ دو روزہ دورہ پر آئرلینڈ پہنچ گئے

   

ڈبلن ۔ 12 ستمبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ دو روزہ دورہ پر آئرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ ہفتہ کی صبح ڈبلن پہنچنے پر آئرش نائب وزیر اعظم سائمن ہیرس نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ اس دورے کے لیے آئرش پولیس نے ملکی تاریخ کے بڑے سیکوریٹی آپریشنز میں سے ایک کا انتظام کیا ہے۔ ٹرمپ کی آئرش صدر کیتھرین کونولی سے ڈبلن کے فینکس پارک میں واقع صدارتی رہائش گاہ میں ملاقات متوقع ہے۔ کونولی طویل عرصے سے ٹرمپ کی ناقد رہی ہیں۔ اس کے بعد امریکی صدر فینکس پارک کے قریب فارملی اسٹیٹ میں آئرش وزیر اعظم میشال مارٹن سے ملاقات کریں گے۔ مارٹن کا کہنا ہے کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے معاملات پر بات چیت اور آئرلینڈ اور امریکہ کے مضبوط اقتصادی، ثقافتی اور عوامی تعلقات کی توثیق کے منتظر ہیں۔ آئرش وزیر اعظم میشال مارٹن نے ٹرمپ کے دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہیکہ آئرش اوپن کا انعقاد اس دورے کے ساتھ ایک دلچسپ اتفاق ہے اور انہیں امید ہے کہ اتوار کو کوئی آئرش کھلاڑی ٹرافی اٹھائے گا۔ دوسری جانب ٹرمپ کے دورے کے خلاف متعدد احتجاجی مظاہروں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ آئرش پولیس کمشنر جسٹن کیلی کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج کی مکمل گنجائش دی جائے گی تاہم بدامنی یا امریکی صدر کی اہم نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ممکنہ ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن بھی تیار رکھی گئی ہیں، اگرچہ پولیس کو امید ہے کہ انہیں استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ٹرمپ کے دورے کے باعث ڈبلن ایئرپورٹ، دارالحکومت کے مختلف علاقوں، کاؤنٹی کلیئر اور شینن ایئرپورٹ کے اطراف سڑکوں کی بندش اور ٹریفک میں بڑے پیمانے پر خلل متوقع ہے۔