ڈیوٹی پر موجود نرسوں کو نیل پالش لگانے کی اجازت نہیں

   

لکھنؤ، 26 اگست (یو این آئی) کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) نے پہلی بار نرسنگ کیڈر کے لیے ایک مینول جاری کیا ہے ، جس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود نرسوں کو نیل پالش لگانے اور بھاری زیورات پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈیوٹی پر موجود نرسنگ کیڈر کی یاد دہانی کے لیے ادارے کی جانب سے جاری کردہ مینول کے بورڈ، ایمرجنسی سے وارڈز تک لگائے جائیں گے ۔ کے جی ایم یو کے ترجمان ڈاکٹر کے کے سنگھ کا کہنا ہے کہ پہلی بار مریضوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے نرسنگ مینول کو نافذ کیا جا رہا ہے ۔ نرسنگ مینول تیار کر لیا گیا ہے اور ان کی ذمہ داریاں، حقوق اور تعطیلات کے اصول طے کر دیے گئے ہیں، اب تک ایسا کوئی مینول نہیں تھا۔ نرسنگ افسران کو عام کلرک کی طرح کام کرنے اور چھٹی لینے کا حق حاصل تھا، اب یہ ممکن نہیں ہو گا، اب نرسنگ اسٹاف کو مینول کے مطابق ڈیوٹی کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ پر قواعد لکھے جائیں گے ، تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی ان کے بارے میں علم ہو۔ اس کی بنیاد پر مریض نرسنگ اسٹاف سے ان کی ڈیوٹی کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اتنا ہی نہیں اگر قواعد پر عمل نہیں کیا گیا تو مریض اور تیمارداروں کو حکام سے شکایت کرنے کا بھی حق حاصل ہوگا۔