ڈی راجہ اور عزیز پاشاہ کی صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات

   

لوک سبھا چناؤ میں بائیں بازو جماعتوں سے مفاہمت اور نشستوں کی تقسیم پر بات چیت
حیدرآباد۔/18 فروری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور سی پی آئی کے درمیان نشستوں پر مفاہمت کے مسئلہ پر بات چیت ہوئی۔ ڈی راجہ نے سی پی آئی کی جانب سے پیش کردہ نشستوں کی فہرست کے بارے میں واقف کرایا۔ ملکارجن کھرگے نے کنوینر کانگریس سب کمیٹی مکل واسنک سے ربط قائم کیا۔ نشستوں پر مفاہمت کے سلسلہ میں کانگریس نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے مکل واسنک اس کے کنوینر ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے مکل واسنک کو ہدایت دی کہ سی پی آئی سے مفاہمت کو جلد قطعیت دی جائے تاکہ سی پی آئی کو انتخابی مہم کے آغاز میں مدد ملے۔ ڈی راجہ نے بائیں بازو جماعتوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا تاکہ قومی سطح پر بائیں بازو جماعتوں کے ساتھ مفاہمت کو قطعیت دی جاسکے۔ ملکارجن کھرگے نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ انڈیا الائنس کی حلیف جماعتوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر بات چیت جلد مکمل کرلی جائے گی۔ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کیلئے بائیں بازو جماعتوں نے انڈیا الائینس کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسی ریاستیں جہاں بائیں بازو جماعتوں کی سیاسی طاقت موجود ہے وہاں کانگریس اور سی پی آئی باہمی مفاہمت کے ذریعہ الیکشن کا سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ ملک کے عوام فرقہ وارانہ سیاست سے عاجز آچکے ہیں۔1