ناگپور میں جنتا کرفیو ۔ لکھنؤ میں دکانات اور تجارتی ادارے بند ۔ مغربی بنگال میں بھی تحدیدات
نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسوں میں تیزی سے اضافے کو روکنے کی کوشش کے طور پر کئی ریاستوں نے اپنے جوکھم بھرے علاقوں کو لاک ڈاؤن کے تحت کردیا ہے ۔ ہفتے کو مختلف مدتوں کے لیے لاک ڈاؤن کی شروعات ہوئی جس میں ہفتے کے اواخر کے ایام شامل ہیں ۔ زائد از ایک درجن ریاستوں نے ابھی تک مختلف ایام پر مبنی لاک ڈاؤن لاگو کیا ہے جس کی وجہ تحدیدات اور معاشی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھنا ہے ۔ تاہم بہار اور منی پور میں ترتیب وار 16 جولائی اور 23 جولائی سے ریاست گیر شٹ ڈاؤن لاگو کیا ہے ۔ مدھیہ پردیش میں جہاں چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کوویڈ ٹسٹ میں مثبت پائے گئے ، ریاستی دارالحکومت بھوپال میں کورونا کیسوں کے اضافہ کے پیش نظر 10 روزہ لاک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے ۔ ویسے اس ریاست میں پہلے ہی ہر اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن لاگو کیا جارہا ہے ۔ تمل ناڈو کے کوئمبتور میں پیر کی صبح تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے جب کہ اترپردیش اور مہاراشٹرا میں ایک سے زائد اضلاع میں تحدیدات عائد کی گئی ہیں کیوں کہ کورونا مسلسل پھیلتا جارہا ہے ۔ مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر ریاست ہے جہاں ناگپور سٹی میں ہفتہ اور اتوار کو رضاکارانہ جنتا کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس دوران صرف ضروری خدمات کام کریں گے ۔ اترکھنڈ اور جموں و کشمیر میں بھی مختلف مدت کا لاک ڈاؤن نافذ ہے ۔ مغربی بنگال ہفتہ میں 2 دن تمام دکانات بند کیے جارہے ہیں اور ٹرانسپورٹ معطل کیا گیا ہے ۔ چھتیس گڑھ ، اڑیسہ ، پنجاب اور کرناٹک میں بھی مختلف نوعیت کے لاک ڈاؤن نافذ العمل ہیں ۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی عمل میں آرہی ہیں ۔ ٹریفک پولیس گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے چالانات عائد کررہی ہے ۔۔