غیر معیاری
کاموں کی جانچ
کا فیصلہ
حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیرآبپاشی اتم کمار ریڈی نے کالیشورم پراجکٹ کے میڈی گڈہ بیاریج کے پلرس زمین میں دھنس جانے کے واقعہ پر انجینئر انچیف مرلیدھر اور محکمہ پنچایت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کسانوں کو دوسری فصل کیلئے پانی کی سربراہی کے مسئلہ پر عہدیداروں سے بات چیت کی اور کہا کہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ علحدہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈہ بیاریج کے پلرس کو ہوئے نقصانات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے بیاریج کی تعمیر میں نقائص اور غیر معیاری کام کے نتیجہ میں پلرس کو نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ اتم کمار ریڈی نے واضح کیا کہ حکومت ناقص کاموں کی مکمل جانچ کرائے گی اور خاطیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ واضح رہے کہ کانگریس نے انتخابی منشور میں وعدہ کیا ہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی بے قاعدگیوں کی ہائی کورٹ کے برسرخدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرائی جائیں گی۔ اسی دوران نو منتخب رکن اسمبلی جی ونود نے اتم کمار ریڈی سے ملاقات کی اور ان کے اسمبلی حلقہ چنور میں کالیشورم پراجکٹ کے نتیجہ میں زیر آب آنے والے علاقوں کے متاثرین کو آر اینڈ آر اسکیم کے تحت معاوضہ اور متبادل اراضی فراہم کرنے کی اپیل کی۔