کاماریڈی، ماں بیٹے کی خودکشی رپورٹ راج بھون پہنچ گئی

   

گورنر نے سخت نوٹ لیکر کاماریڈی اور کھمم خودکشی واقعات کی رپورٹ طلبی کا اثر
حیدرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) ضلع کاماریڈی ہیڈکوارٹر پر پیش آئے ماں بیٹے کی خودکشی واقعہ کی رپورٹ راج بھون کو پہنچ گئی ہے۔ گورنر تلنگانہ نے اس واقعہ اور کھمم میں سائی گنیش کی خودکشی واقعات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اس کی حکومت سے رپورٹ طلب کی تھی۔ حالیہ چند دنوں کے دوران راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں۔ گورنر نے دہلی پہنچ کر وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کے خلاف رپورٹ پیش کی ہیں۔ حیدرآباد پہنچنے کے بعد جب بھی موقع مل رہا ہے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کا ایک بھی موقع ضائع نہیں کررہی ہیں۔ ضلع میدک کے رامائم پیٹ سے تعلق رکھنے والی ماں 63 سالہ پدما اور بیٹا 42 سالہ جی سنتوش نے کاماریڈی کے ایک لاج میں خودکشی کرلی تھی۔ گورنر نے پولیس سے اس واقعہ پر رپورٹ طلب کی تھی۔ پولیس نے تفصیلی رپورٹ راج بھون کو پہنچادی ہے۔ اس خودکشی واقعہ کے پیچھے حکمران جماعت کے قائدین اور پولیس کا بھی رول ہونے کے الزامات ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے اسکی گورنر سے شکایت کی تھی۔ن