20 افراد زخمی ہوگئے ۔ دو کی حالت تشویشناک ۔
کاماریڈی 8 اپریل ( سیاست نیوز ) کاما ریڈی کے یلا ریڈی منڈل میں ایک تیز رفتار لاری کے ایک آٹو ٹرالی کو ٹکر دینے کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک اور 20 دوسرے زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ تصادم حسن پلی گیٹ پر پیش آیا ۔ لاری نے اتنی رفتار سے ٹکر ماری کہ تین افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد دواخانہ منتقل کرتے ہوئے راستہ میں جانبر نہ ہوسکے ۔ انہیں بانسواڑہ دواخانہ منتقل کیا جا رہا تھا ۔ حادثہ میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب آٹو ٹرالی یلا ریڈی سے پٹلم جارہی تھی کہ اسے ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر ماردی جو پٹلم سے نظام ساگر جا رہی تھی ۔ آٹو ٹرالی میں جملہ 26 افراد سفر کر رہے تھے اور ان کی چلرگی گاوں پٹلم کے باشندوں کی حیثیت سے شناحت ہوئی ہے ۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر پولیس وہاں پہونچ گئی اور اس نے زخمیوں کو علاج کیلئے بانسواڑہ اور یلا ریڈی کے دواخانوں کو منتقل کیا ۔ مہلوکین کی لچوا ‘ دیویا ‘ کمسوا ‘ کیشیا اور آٹو ٹرالی ڈرائیور سائیلو کی حیثیت سے شناحت ہوئی ہے ۔ آٹو ٹرالی لاری میں گھس کر پھنس گئی تھی اور پولیس کو کٹرس استعمال کرتے ہوئے گاڑیوں کو نکالنا پڑا ۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ زخمیوں کا دواخانہ میں علاج کیا جا رہا ہے ۔