کانپور: شمال سنٹرل ریلوے کے پریاگ راج ڈویژن میں کانپور سنٹرل اور پریاگ راج کے درمیان پریم پور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اتوار کی علی الصبح ٹرین پلٹانے کی مبینہ سازش لوکو پائلٹ کی مستعدی سے ناکام ہوگئی جب ایک پانچ کلو کا گھریلو سلنڈر درمیان پٹڑی پر رکھا ہوا ملا۔پریاگ راج ڈویژن کے رابطہ عامہ افسر ششی کانت ترپاٹھی نے بتایا کہ آج صبح ضلع کے پریم پور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ایک گھریلو سلنڈر پٹری پر رکھا ہوا ملا ہے ۔ مال گاڑی ڈرائیور نے مشتبہ چیز دیکھ کر دور سے ہی ٹرین کو کنٹرول میں کرلیا اور چندمیٹر دور ٹرین روک دی۔ لوکو پائلٹ کی اطلاع پر گورنمنٹ ریلوے پولیس، ریلوے سیکورٹی فورس اور خفیہ ایجنسی کے جوان موقع پر پہنچے ۔ فورنسک ٹیم نے موقع واردات کا معائنہ کیا۔