کانگریس اقتدار کے پہلے سال 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات

   

پرگتی بھون کو امبیڈکر بھون میں تبدیل کرنے پہلی دستخط، یوتھ کانگریس بھوک ہڑتال ‘ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/27 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس کے برسراقتدار آتے ہی تلنگانہ میں پہلے سال 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے پرگتی بھون کو امبیڈکر بھون میں تبدیل کرنے پہلی دستخط کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔ ریونت ریڈی بے روزگار نوجوانوں کی تائید میں یوتھ کانگریس کی ایک روزہ بھوک ہڑتال کے اختتام پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والے صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی اور ان کے ساتھیوں کو شربت پیش کیا۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو، پولٹیکل افیرس کمیٹی کنوینر محمد علی شبیر، ڈاکٹر جی چناریڈی، جنرل سکریٹری یوتھ کانگریس انیل یادو اور دیگر موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ 12 ماہ کے بعد تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سال دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کیلئے ضرورت پڑنے پر سونیا گاندھی کے پیر پکڑ کر درخواست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ گولکنڈہ پر کانگریس پرچم لہرایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عالیشان پرگتی بھون جو کے سی آر کی رہائش گاہ ہے امبیڈکر بھون میں تبدیل کرنے پہلی فائیل پر دستخط کی جائیگی۔ انہوں نے دوبارہ برسراقتدار آنے سے متعلق کے سی آر کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے چیلنج کیا کہ اگر کے سی آر میں ہمت ہو تو وسط مدتی انتخابات کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جدوجہد کیلئے تیار ہے لیکن کے سی آر میں مقابلہ کی ہمت نہیں لہذا انہوں نے پرشانت کشور کی مدد حاصل کی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے بے روزگار نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ کیا تھا۔ یوتھ کانگریس کے ایسے قائدین کو ٹکٹ دیا جائے گا جو کانگریس اقتدار کیلئے جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کردیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ انہیں کانگریس صدر سے زیادہ یوتھ کانگریس کی صدارت میں دلچسپی ہے۔ اگر میں یوتھ کانگریس کا صدر ہوتا تو کے سی آر کا زوال ہوچکا ہوتا۔ کے سی آر نے اسمبلی میں تقررات کا وعدہ کیا تھا لیکن 8 برس گذرنے کے باوجود وعدہ پورا نہیں ہوا ۔ انہوں نے تلنگانہ جہد کاروں کے مقدمات سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ بھوک ہڑتال سے سابق رکن اسمبلی سمپت کمار، سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی، سابق وزیر ڈاکٹر چنا ریڈی، ورکنگ صدر انجن کمار یادو، کسان کانگریس نائب صدر کودنڈا ریڈی، ڈاکٹر ملو روی اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر