13 لوک سبھا حلقوں میں فلاش سروے کرنے کی ذمہ داری سنیل کنگولو کے سپرد
حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کا 11 مارچ کو دہلی میں اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ 13 لوک سبھا حلقوں میں فلاش سروے کرنے کی ذمہ داری سنیل کنگولو کو سونپی گئی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے تاحال چار حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پہلی فہرست میں 11 امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی گئی تھی اور اس سلسلہ میں بلیو پرنٹ بھی تیار ہوگیا تھا۔ تلنگانہ پردیش الیکشن کمیٹی نے بھی ایک ہی نام کے ساتھ اے آئی سی سی کو فہرست روانہ کی تھی۔ تاہم لمحہ آخر میں صرف چار امیدواروں کا اعلان کیا گیا مابقی امیدواروں کے ناموں کو ہولڈ میں رکھا گیا ہے۔ پردیش کانگریس الیکشن کمیٹی کی جانب سے ایک ہی نام روانہ کرنے والوں کا تعلق بی آر ایس سے ہے جنہوں نے حال ہی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سکندرآباد سے بی رام موہن، چیوڑلہ سے سنیتا مہیندر ریڈی، ملکاجگیری سے کے چندر شیکھر ریڈی، میدک سے نیلم مدھو شامل تھے۔ جس پر کانگریس کے دوسرے قائدین نے اعتراض کیا ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے 13 لوک سبھا حلقوں میں فلاش سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس انتخابی حکمت عملی ساز سنیل کنگولو کو فلاش سروے کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سنیل کنگولو کی ٹیم میدان میں اُتر گئی ہے اور امیدواروں کی سیاسی طاقت، عوامی تعلقات اور دیگر امور کا جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سروے کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ دوسرے پارٹی کے کئی قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہیں ان کے بارے میں بھی سروے کرتے ہوئے عوامی رائے حاصل کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ ناگر کرنول کے سابق رکن اسمبلی بی آر ایس کے قائد کانگریس میں شامل ہوکر حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں انہیں ٹکٹ دینے پر کانگریس کے کامیاب ہونے کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔2