چیف منسٹر ریونت ریڈی پر پارٹی کا کوئی کنٹرول نہیں ، عہدے مستقل نہیں ہوتے
حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر ٹی جیون ریڈی نے چیف منسٹر اور ریاستی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی‘‘ میں تبدیل ہو چکی ہے جہاں پارٹی حکومت کو ہدایت دینی چاہئے مگر موجودہ حالات میں پارٹی خود حکومت کے تابع ہوگئی ہے۔ جیون ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت ریونت ریڈی پر اپنا کنٹرول کھو چکی ہے۔ وہ ایسی پارٹی میں ہرگز نہیں رہیں گے جہاں عزت و احترام اور اصولوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہو۔ لمبے عرصہ تک انہوں نے اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ عہدے مستقل نہیں ہوتے اور اگر کوئی صرف عہدوں کیلئے سیاست کررہا ہے تو وہ ناکام ہوگا۔ وہ طویل عرصے سے عوامی زندگی میں ہے۔ کئی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ کے چندر شیکھر راؤ کی پالیسیوں پر تنقید کی ہے۔ کبھی شخصی تنقیدیں نہیں کیں وہ کے سی آر کی عمر کا احترام کرتے ہوئے انہیں ’’انا‘‘ کہتے ہیں جو موجودہ قیادت کے رویے سے بالکل مختلف ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ اگر بلی کو اندر بند کرکے ماروگے تو وہ پلٹ کر حملہ کرے گی ان کے مخالفین کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے۔ 2/m/b؍F