نئی دہلی۔جس تنظیمی الیکشن کا کافی عرصہ سے انتظار کیاجارہا تھا جس میں کانگریس پارٹی کے صدر کا عہدہ بھی شامل ہے‘ اس سال مئی میں متوقع ہے۔
جمعہ کے روز کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی) کی نگرانی میں منعقدہ اجلاس میں انتخابات کے طریقہ کار پر تبادلے خیال کیاگیاہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے پارٹی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کی جانب مقرر کردہ لائحہ عمل سونیا گاندھی کو ارسال کیا جس میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ اسمبلی انتخابات کے اختتام کے بعد مئی میں مذکورہ انتخابات کا انعقاد عمل میں لایاجائے۔
پارٹی کے دیگر ممبران جنھوں نے تنظیمی انتخابات کے لئے پارٹی کے عبوری صدر پر اس سے قبل مکتوب کے ذریعہ زوردیاتھا نے اس تجویز کو قبول بھی کیاہے۔ ان اراکین نے اسمبلی انتخابات کے بعد داخلی الیکشن کے نکتہ پر رضامندی کا اظہار کیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ائی سی سی پلینری سیشن 29مئی کے روز منعقد کیاجانا چاہئے
کانگریس کی مرکزی الیکشن اتھاریٹی
کانگریس پارٹی کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی نے اس سے قبل پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی کے سامنے ایک نوٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ تھا کہ وہ الیکشن کے لئے تیار ہیں۔
اس سے قبل پچھلے سال اگست میں 23قائدین نے سونیا گاندھی کو مکتوب لکھ کر کہاتھا کہ بلاک سطح سے سرگرم قیادت’پورے وقت کے لئے“ پارٹی چیف تک کے لئے انتخابات کرائیں۔
اس کے علاوہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے انتخابات کی بھی انہوں نے مانگ کی تھی۔ پارٹی نے سی ڈبلیو سی کی میٹنگ بھی طلب کی تھی جس میں سونیا گاندھی نے چھ ماہ کے اندر وہ انتخابات منعقد کرانے کی خواہش ظاہر کی تھی