کانگریس کے لوک سبھا انتخابی منشور کی تیاری کے لیے ماہرین سے مشاورت

   

پروفیشنل کانگریس کے نمائندوں کا دورہ، عوام کی خواہشات کے مطابق منشور رہیگا
حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) صدرنشین اے آئی سی سی پروفیشنل کانگریس پراوین چکرورتی اور اے آئی سی سی سکریٹری منصور علی خاں نے کہا کہ پروفیشنل کانگریس کے نمائندے تمام ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام اور ماہرین سے حکومت کی کارکردگی اور کانگریس کے موقف کے بارے میں تفصیلات حاصل کریں گے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پراوین چکرورتی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی طئے کرنے کیلئے عوام سے رائے حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی دوسرے مرحلہ کی بھارت جوڑو نیائے یاترا سے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ یہ یاترا مشرق سے مغرب کی سمت جاری ہے۔ کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور کی تیاری کیلئے ملک بھر میں ماہرین سے مشاورت کی جائے گی اور عوام کی ضرورت اور توقعات کے عین مطابق منشور تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی انتخابی منشور کمیٹی سے مشاورت کی گئی اور ریاست کے سیول سوسائٹی ارکان ماہرین کے علاوہ عوام کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی جائے گی۔ چکراورتی نے کہا کہ سیول سوسائٹی کے نمائندوں نے انتخابی منشور میں شامل کئے جانے والے امور کے بارے میں رہنمائی کی ہے۔ اے آئی سی سی انچارج برائے تلنگانہ دیپا داس منشی اور دیگر قائدین مشاورت کے موقع پر موجود تھے۔ ریاستوں سے حاصل کردہ تجاویز کو پی چدمبرم کمیٹی کے حوالے کیا جائیگا جو انتخابی منشور کی تیاری میں مصروف ہے۔1