پارٹی پرچم لہرایا گیا، لوک سبھا چناؤ میں کامیابی کا یقین، سینئر قائدین کا خطاب
حیدرآباد ۔28۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے 139 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں تقریب منعقد کی گئی ۔ شہر اور اضلاع میں بھی کانگریس کی جانب سے یوم تاسیس تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور پارٹی پرچم لہرایا گیا۔ کانگریس کی محاذی تنظیم سیوا دل کے 100 سال کی تکمیل پر حیدرآباد میں ریالی منظم کی گئی ۔ گاندھی بھون سے سکریٹریٹ نکلس روڈ تک سیوا دل کارکنوں نے ریالی کا اہتمام کیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے گاندھی بھون میں پارٹی پرچم لہرایا اور کانگریس کی طویل عوامی خدمات کا ذکر کیا۔ تقریب میں ریاستی وزیر پونم پربھاکر کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹری سرینواسن اور سینئر قائدین شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کارکنوں کو کانگریس کے یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 28 ڈسمبر 1885 کو ممبئی میں 72 افراد نے کانگریس پارٹی قائم کی تھی۔ پارٹی کے قیام کو 140 سال مکمل ہونے کو ہیں۔ ملک کی آزادی کی جدوجہد میں کانگریس قائدین نے اہم رول ادا کیا اور برطانوی سامراج کے مظالم کا سامنا کیا۔ ملک میں عوام کو متحد کرتے ہوئے انگریزوں کو ہندوستان چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس قائدین کو قید و بند کی صعوبتوں سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد کانگریس نے ملک کی ترقی اور تعمیر نو میں اہم رول ادا کیا ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو اور دیگر قائدین کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ملک پر 50 سال تک حکمرانی کرتے ہوئے کانگریس نے ہندوستان کو دنیا کا مضبوط ترین ملک بنادیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ قومی یکجہتی ، مذہبی رواداری اور عدم تشدد کا پیام دیا ہے۔ آنجہانی اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے اتحاد کیلئے اپنی جان کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جدوجہد کے نتیجہ میں علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے۔ سونیا گاندھی نے عوام سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ اسی دوران راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے تاریخی چارمینار کے دامن میں کانگریس پرچم لہرایا۔ اس موقع پر سابق سی ایل پی لیڈر پی جناردھن ریڈی کو 16 ویں برسی پر خراج پیش کیا ہے۔1