کانگریس یوگی سے بلڈوزر چلانے کی ٹریننگ لے : مودی

   

بارہ بنکی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس اور انڈیا اتحاد پر بڑا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس آئی تو وہ رام مندر پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو بدل دے گی اور رام مندر پر بلڈوزر چلوا دے گی۔ زید پور روڈ کے نزدیک ایک بہت بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جمعہ کو انڈیا اتحاد کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ٹیوشن لیں کہ کہاں بلڈوزر چلانا ہے اور کہاں نہیں۔ انہوں نے وہاں موجود ہجوم سے کہاکہ آپ کے ایک ووٹ کی طاقت نے 500 سال کا انتظار ختم کیا اور شری رام للا کو عظیم الشان رام مندر میں ویراجمان کرایا۔ پہلے جب لوگ ٹینٹ میں رام للا کو دیکھتے تھے تو حکومت کو گالیاں دیتے تھے ۔ یوگی جی کے او ڈی او پی مشن کی بدولت، اب مجھے بیرون ملک جاتے ہوئے تحائف لینے کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یوگی جی کی طرف سے یوپی میں شروع کی گئی ’صفائی مہم‘کی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کانگریس نے کرناٹک میں مسلمانوں کو او بی سی ریزرویشن دے دیا ہے ۔ مودی کبھی بھی ہندو مسلم کا موازنہ نہیں کرتے بلکہ انڈیا اتحاد کے گناہوں کو تاریخ بتاتے ہیں۔ اودھی میں اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم آپ کے مقروض ہیں اور مزید محنت کرکے یہ قرض ادا کریں گے ۔’’ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ مودی ہیٹ ٹرک کرنے جا رہا ہے ۔انہوں نے انڈیا اتحاد کو ایک مضحکہ خیز کھچڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھرنے لگے ہیں۔