کاکروچ جنتا پارٹی کیخلاف آر ایس ایس کا محاذ

   

سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست، ترجمان آر ایس ایس آرگنائزر کے ذریعہ اظہار تشویش
حیدرآباد۔25۔مئی ۔ (سیاست نیوز) ملک میں کاکروچ پارٹی آف انڈیا کے خلاف آر ایس ایس نے محاذ کھول دیا ہے ۔ چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت کے بے روزگار نوجوانوں پر کئے جانے والے ریمارکس پر آن لائن تہلکہ مچانے والی کاکروچ جنتا پارٹی کے خلاف سرکاری طور پر کی جانے والی کاروائیوں کے بعد اب سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کے تحت درخواست داخل کرتے ہوئے اس پارٹی پر ملک میں شورش پیدا کرنے کے الزام عائد کئے گئے ہیں ۔ درخواست گذار کی جانب سے داخل کی گئی اس درخواست پر فوری سماعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کو جذباتی طور پر نہ لیا جائے لیکن آر ایس ایس نے کاکروچ جنتا پارٹی کو حاصل ہونے والی مقبولیت اور اس کو حاصل ہونے والی آن لائن پذیرائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مخالف ملک قرار دینا شروع کردیا ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے X کھاتہ کو بند کرنے کے علاوہ پارٹی قائم کرنے والے ابھجیت دیپکاور ان کے والدین کو نشانہ بنانے کی کوشش کے بعد انسٹا گرام کھاتہ کو بند کردیا گیاتھا لیکن انسٹا گرام کھاتہ کو دوبارہ کھلوانے میں ابھجیت نے کامیابی حاصل کرلی ۔ آرا یس ایس کے ترجمان ’’آرگنائزر‘‘نے کاکروچ جنتا پارٹی کی سرگرمیوں اور انہیں حاصل ہونے والی مقبولیت کو ’انتہائی تشویشناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندستانی تہذیب میں نوجوانوں کو اس طرح راستہ سے ہٹانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ آر ایس ایس ترجمان میں شائع مضمون میں ہندستانی نوجوانوں کی اس برہمی کو ’’گھٹیاپن‘‘ اور جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ مخالف ملک سرگرمیوں میں ملوث ہوسکتی ہے۔ آر ایس ایس کی جانب سے کئے گئے دعوے میں کہاگیا ہے کہ Gen Z تحریک کے طور پر بائیں بازو جماعتیں کاکروچ پارٹی کے نام پر ملک کے جمہوری نظام کو نشانہ بنانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کو آن لائن حاصل ہونے والے فروغ بالخصوص فرقہ وارانہ منافرت ‘ تعلیمی نظام میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ‘ مہنگائی اور دیگر امور کا احاطہ کرتے ہوئے جن مسائل کو اٹھایا جانے لگا ہے ان مسائل پر آر ایس ایس کے علاوہ سرکردہ سیاسی جماعتیں بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی اور این ڈی اے میں شامل سیاسی قائدین کے ہوش اڑنے لگے ہیں۔انٹلیجنس ایجنسیوں کے علاوہ ملک کی سرکردہ ایجنسیاں بھی ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ کی سرگرمیوں بالخصوص زمین پر اترنے کے لئے کی جانے والی تیاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ ہندستان کے مختلف شہروں میں جہاں GenZ تحریک کے آغاز کے امکانات ہیں ان پر فوری قابو پایا جاسکے ۔3