حیدرآباد۔20۔اپریل (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں اسٹار کیمپینرس کی فہرست جاری کی ہیں۔ آئندہ ماہ مئی میں ہونے والے انتخابات کے لئے40 رکنی اسٹار کیمپیننرس کی فہرست تیار کی گئی اور الیکشن کمیشن کو اطلاع دی گئی ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مکل واسنک کے احکامات کے مطابق اسٹار کیمپینرس میں تلنگانہ سے صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی اور ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہرالدین کو شامل کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ کے اور بھی قائدین اسٹار کیمپینرس کی فہرست میں شمولیت کے خواہاں تھے ۔ تاہم دوسری فہرست کی اجرائی تک صورتحال غیر واضح رہے گی۔ ریونت ریڈی کرناٹک میں تلگو رائے دہندوں کی قابل لحاظ آبادی والے حلقہ جات میں 10 دن تک مہم چلائیں گے ۔ اسٹار کیمپینرس میں ملکارجن کھرگے ، سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی ، ڈی کے شیوا کمار ، سدا رامیا ، ویراپا موئیلی ، سید ناصر حسین ، ضمیر احمد خاں ، اشوک گہلوٹ ، پی چدمبرم ، راج ببر، پرتھوی راج چوہان اور دوسروں کو شامل کیا گیا ہے