ڈگری کورس 4 سال کی بجائے 3 سال کا ہی برقرار رکھا جائیگا
حیدرآباد۔14۔ مئی (سیاست نیوز) حکومت کرناٹک نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 ریاست میں نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کرکے 4 سالہ ڈگری کورس سے دستبرداری اختیار کرلی اور سابقہ 3 سالہ ڈگری کورسس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں احکام کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ حکومت نے کرناٹک ایجوکیشن پالیسی کمیشن کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ پروفیسر سکھ دیو تھوراٹ جو ریاستی ایجوکیشن پالیسی کمیشن کے سربراہ ہیں کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ میں ریاست کی تمام جامعات و ملحقہ کالجس سے 4 سالہ ڈگری کورس سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے اور تمام جامعات اور کالجس میں 3 سالہ ڈگری کورس کو بحال کرکے داخلہ کی ہدایت جاری کی ہے۔ کمیشن کی ابتدائی رپورٹ کی بنیاد پر حکومت کرناٹک کے اس فیصلہ کا آل انڈیا سیو ایجوکیشن کمیٹی سے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ مرکزی حکومت کی اس پالیسی پر عمل سے طلبہ کے نقصان کا خدشہ تھا اسی لئے AISEC نے ملک بھر کی تمام ریاستوں میں حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کرکے سے خواہش کی تھی کہ وہ قومی ایجوکیشن پالیسی سے دستبرداری اختیار کریں ۔ حکومت کرناٹک نے 2024-25تعلیمی سال کے دوران 3 سالہ ڈگری کورسس میں داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس فیصلہ کو طلبہ تنظیمیں اپنی کامیابی تصور کر رہی ہیں۔ کرناٹک محکمہ تعلیم سے جاری تفصیلات میں کہا گیا کہ حکومت کا یہ فیصلہ کمیشن کی عبوری رپورٹ کی بنیاد پر کیاگیا ہے اور اس کے مطابق 3 سالہ ڈگری کورسس میں داخلہ فراہم کیا جا ئے گا اور کمیشن سے اندرون ایک سال رپورٹ ملنے کے بعد 3 سالہ اور 4 سالہ ڈگری کورسس کے متعلق قطعی فیصلہ کرے گی ۔ محکمہ تعلیم سے جاری تفصیلات میں کہا گیا کہ عبوری رپورٹ کے بعد اگر قطعی رپورٹ قومی تعلیمی پالیسی کے حق میں آتی ہے تو حکومت سے فیصلہ پر غور کی گنجائش ہے اور طلبہ کو ایک سال کے بعد اپنے ڈگری کورس کو 4 سالہ کورس میں تبدیل کرنے کا بھی موقع فراہم کیا جائے گا۔3