کرپشن کے ایک ہزار سنگین کیسیس، 10 سال میں ویجلنس رپورٹس پر کوئی کارروائی نہیں

   

حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) گزشتہ 10 سال کرپشن کے کئی کیسیس ہونے کی اطلاعات کے باوجود ریاستی حکومت، ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ رپورٹس پر کارروائی کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ وی اینڈ ای ونگ نے مختلف محکمہ جات سے متعلق 1,230 سنگین کرپشن کیسیس میں اس کی رپورٹس داخل کی ہے نیز اس نے 768 اپرائزل رپورٹس، 1,215 الرٹ نوٹس اور 123 سسٹم امپرومنٹ نوٹس روانہ کئے۔ فورم فار گڈ گورنینس کی جانب سے داخل کی گئی ایک آر ٹی آئی درخواست پر یہ تفصیلات معلوم ہوئے۔ ایف جی جی کے صدر ایم پدمنابھا ریڈی نے کہاکہ وی اینڈ ای ڈپارٹمنٹ بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے تعلق سے مختلف محکمہ جات کو الرٹ نوٹ روانہ کرتا ہے۔ یہ ڈپارٹمنٹ سرگرمیوں سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اپرائزل رپورٹس اور سسٹم امپرومنٹ نوٹس بھی روانہ کرتا ہے۔ اس طرح وی اینڈ ای ڈپارٹمنٹ، حکومت کی آنکھوں اور کان کی طرح کام کرتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ حکومت کو اس کی رپورٹس روانہ کئے جانے کے بعد اس سلسلہ میں مزید کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔ اس کمزوری سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات وی اینڈ ای رپورٹس کو نظرانداز کررہے ہیں۔ مسٹر ریڈی نے کہاکہ الرٹ نوٹس پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی اور کہاکہ وی اینڈ ای کی ہزاروں رپورٹس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انھوں نے کہاکہ سکریٹریٹ میں دانستہ طور پر یہ کوشش کی جاتی ہے کہ ڈائرکٹر جنرل، وی اینڈ ای ونگ کے مشورہ پر کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ مسٹر ریڈی نے الزام عائد کیاکہ ایچ ایم ڈی اے میں رشوت کی رقم کا انحصار زمین کی قیمت پر ہوتا ہے۔