نئی دہلی۔ 11 مئی (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم ہندوستانی حکومت نے واضح کردیا ہے کہ کشمیر پر کسی تیسرے ملک کی ثالثی قبول نہیں۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق ہندوستان نے پوری دنیا کو بتا دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف اسی بنیاد پر اٹکا ہوا ہے کہ پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے) کی واپسی ہونی چاہئے۔ یہ مسئلہ دو طرفہ ہے۔ ہم پاکستان سے صرف پی او کے کی واپسی پر بات کریں گے۔ ہمیں کسی تیسرے ملک کی مداخلت منظور نہیں ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے واضح کردیا ہے کہ ہندوستان کشمیر پر کسی تیسرے ملک کی ثالثی نہیں چاہتا۔ وزارت خارجہ کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق کشمیر پر ہندوستان کی پالیسی بالکل واضح ہے۔ کشمیر پر اب کوئی تنازعہ نہیں بچا ہے۔ صرف ایک ہی مسئلہ باقی ہے۔
پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) کی واپسی۔ ہم اس معاملے پر صرف پاکستان سے بات کریں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم ہندوستانی حکومت نے فوری طور پر واضح کیا کہ کشمیر ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے اور اس میں کسی تیسرے فریق کا کوئی کردار نہیں ہو سکتا۔