پونام پین : کمبوڈیا میں چہارشنبہ کی رات کثیر منزلہ کیسینو ہوٹل میں آگ لگنے سے کم از کم 16افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہو گئے۔ جس وقت آگ لگی اس وقت ہوٹل میں غیر ملکی شہریوں سمیت تقریباً 400 افراد موجود تھے۔کمبوڈیائی پولیس کے مطابق کمبوڈیا کے سرحدی علاقے پوئی پٹ میں جوئے کے لیے مشہور ایک ہوٹل میں چہارشنبہ کی رات آگ لگنے سے کم از کم 16افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہو گئے۔ ہوٹل کی نچلی منزل میں لگنے والی آگ جلد ہی کثیر منزلہ کیسینو ہوٹل کی پوری عمارت میں پھیل گئی۔صوبائی پولیس کمشنر میجر جنرل سیتھی لوہ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آتش زدگی کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی صبح تک ہوٹل جلتا رہا۔کمبوڈین پولیس کے مطابق ڈائمنڈ سٹی گرینڈ ہوٹل میں جس وقت آگ لگی اس وقت تقریباً 400 افراد موجود تھے۔ ان میں بہت سے غیر ملکی بھی شامل تھے۔ دنیا بھر سے لوگ جوا کھیلنے کے لیے اس ہوٹل میں آتے ہیں۔