کانگریس میں ریونت ریڈی کی بلیک میلنگ سیاست : راجگوپال ریڈی
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی منگوڑ اسمبلی حلقہ میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ رکن اسمبلی راجگوپال ریڈی کے استعفی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ 5 اگسٹ سے منگوڑ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا اور ایک بڑے جلسہ عام کے ذریعہ پارٹی اپنی مہم شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ منگوڑ کے عوام راجگوپال ریڈی کو بری طرح شکست دیتے ہوئے کانگریس کے حق میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ کانگریس منگوڑ میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع بنیادی طور پر کانگریس کا گڑھ ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے سی آر اور نریندر مودی کے کھیل کا مہرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کانگریس میں برقرار رہیں گے۔ راجگوپال ریڈی نے سیاسی زندگی دینے والی کانگریس پارٹی کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر ٹی آر ایس اور بی جے پی نے یہ سازش تیار کی ہے۔ منگوڑ کے ضمنی چناؤ میں پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ اسی دوران راجگوپال ریڈی نے ریونت ریڈی کو بلیک میلر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹس کے حصول کیلئے کانگریس پارٹی سے استعفی کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کانگریس پارٹی میں کسی طرح ایک اہم عہدہ حاصل کرچکے ہیں حالانکہ ہائی کمان نے حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو انتباہ دیا کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں۔ راجگوپال ریڈی نے اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ ر