26 جنوری سے 4 اسکیمات کا آغاز، وزراء کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس، اسکیمات میں شفافیت کی ہدایت
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر مال سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفافیت سے کام لیا جائے اور کوئی بھی مستحق خاندان اسکیمات کے فوائد سے محروم نہ رہے۔ وزیر مال نے 26 جنوری سے شروع ہونے والی 4 اسکیمات کے سلسلہ میں ہنمکنڈہ ضلع کلکٹریٹ میں متحدہ ورنگل ضلع کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ریاستی وزراء کونڈا سریکھا اور ڈی انوسیا سیتکا کے علاوہ متحدہ ورنگل ضلع کے ارکان اسمبلی و کونسل اور ارکان پارلیمنٹ اجلاس میں شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری سے رعیتو بھروسہ، اندرماں آتمیا بھروسہ، اندرماں انڈلو اور نئے راشن کارڈز کی اجرائی جیسی اسکیمات کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ 26 جنوری سے قبل مواضعات کی سطح پر سروے کا اہتمام کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر مستحق خاندان کو اسکیمات کے فوائد پہنچانا چاہتی ہے۔ گورنمنٹ وہپ ڈاکٹر رامچندر نائیک، اسٹیٹ فینانس کمیشن کے صدرنشین ایس راجیا، محبوب آباد کے رکن پارلیمنٹ بلرام نائیک، میئر شریمتی جی سدھا رانی، ارکان مقننہ بسوا راج ساریا، این راجندر ریڈی، جی ست نارائنا، کے آر ناگراج، ٹی وینکٹ راؤ، ڈسٹرکٹ ہاؤزنگ اسپیشل آفیسر ونئے کرشنا ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے تجاویز پیش کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دیہاتوں میں استفادہ کنندگان کے سروے کا 16 جنوری سے آغاز ہوگا۔ اجلاس میں عوامی نمائندوں اور کسانوں کی تنظیموں کے قائدین نے اسکیمات کے سلسلہ میں تجاویز پیش کی۔ ریاستی وزیر سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کو فی ایکر 12 ہزار روپئے جبکہ زرعی مزدوروں کو سالانہ 12 ہزار روپئے کی مدد دی جائے گی۔ وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے کہا کہ کمزور مالی موقف کے باوجود حکومت انتخابی وعدوں پر عمل کررہی ہے۔ وزیر پنچایت راج سیتکا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مقررہ مدت میں سروے کا کام مکمل کرتے ہوئے اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ متحدہ ورنگل ضلع کے 13 منڈلوں کے تحت 186 ریوینو گاؤں میں سروے کیلئے 158 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو 20 جنوری تک سروے کا کام مکمل کرتے ہوئے 21 تا 24 جنوری گرام سبھا میں فہرست پیش کریں گے۔1